مظفرآباد(وائس آف کشمیر نیوز)آزادجموں وکشمیرکے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ خورشید ملت کے ایچ خورشید عظیم رہنماء تھے جنہوں نے اپنی زندگی کشمیر کاز کے لئے وقف کر دی تھی۔ کے ایچ خورشید بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے معتمد خاص تھے جن پر حضرت قائداعظم کو بھرپور اعتماد تھا۔آزادکشمیر میں جمہوریت کے فروغ، عوام کے حق حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے کے ایچ خورشید کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صدرخورشید ملت کے ایچ خورشید کی برسی پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے عظیم کشمیری رہنماء کے ایچ خورشید الحسن خورشید کی قومی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔آزادجموں و کشمیر کے سابق صدر کی برسی پر وزیراعظم نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ سابق صدر کے ایچ خورشید کو تحریک پاکستان کی جدوجہد میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل رہا۔انہوں نے کہا کہ وہ اکابرین تحریک پاکستان کے ساتھ وابستہ رہے اور قیام پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ وزیر اطلاعات، سیاحت و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ خورشید حسن خورشید ایک کردار کا نام تھا ، وہ ایک نڈر ،بے باک اور حق بات پر ڈٹ جانے والے لیڈر تھے۔ کے ایچ خورشید کی زندگی حقیقی جمہوری سوچ کی عکاس تھی۔ انہوں نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور اپنی جدوجہد میں کبھی نفع نقصان کی پرواہ نہیں کی ۔ کشمیری عوام کو ووٹ کا حق دلانے میں کے ایچ خورشید کا اہم کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔