اسلام آباد( وائس آف کشمیر نیوز ) سابق ڈپٹی سپیکر آزادجموں وکشمیر قانو ن سازاسمبلی وانچارج سوشل میڈیا پیپلز پارٹی آزادکشمیر شاہین کوثر ڈار نے کہا ہے کہ کل کا دن پاکستان میںجمہوریت پسندوںکی فتح کا دن ثابت ہوگا۔ سید یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینٹ منتخب ہو کرملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کی پہلی اینٹ رکھیں گے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ملک میں جمہوریت کی بحالی اور عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لیے متحد ومنظم ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی فہم وفراست اور پی ڈی ایم کے اتحاد کیوجہ سے سینٹ انتخابات میں سید یوسف رضا گیلانی کو کامیابی حاصل ہوئی۔ ان خیالات کا اظہا رانہوںنے پاکستان میں چیئرمین سینٹ کے انتخابات کے حوالہ سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کل سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی ملک میں سیاست کو نیا رخ دینے کی طرف پہلا قدم ثابت ہوگی۔انہوںنے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کو سینٹ میں اکثریت حاصل ہے جسکی وجہ سے پی ڈی ایم کے امیدوار کامیابی حاصل کریںگے۔انہوں نے کہا کہ اوپن بیلٹ کا واویلا کرنے والے چیئرمین سینٹ کا انتخاب بھی اوپن بیلٹ سے کروائیں تاکہ عوام کو پتہ چل سکے کہ وہ واقعی ملک میں شفاف انتخابات کے حامی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل جمہوریت پسندوںکی کامیابی کا دن ہے پیپلز پارٹی ملک میں حقیقی جمہوریت کی علامت ہے۔ آزادکشمیر میں بھی آنے والا دور پیپلزپارٹی کا ہے۔آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بڑی قوت بن کر ابرے گی اور بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی۔