مظفرآباد(وائس آف کشمیر نیوز) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر مواصلات و رکس چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ حویلی کہوٹہ کے لئے پونچھ یونیورسٹی کیمپس کی ہائیر ایجوکیشن سے باضابطہ منظوری خطہ کے لئے تعلیمی انقلاب کی نوید ہے جو علاقہ کے پسماندگی دور کرنے اور مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوگی ، آنے والے وقت میں بہت جلد حویلی کہوٹہ کیمپس مکمل یونیورسٹی کا درجہ اختیار کرے گا ، تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ، کوشش کی ہے کہ حویلی کہوٹہ کو زندگی کے ہر شعبہ میں دیگر علاقوں کے برابر لائیں ، اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ ہماری کاوشیں و جدوجہد کس حد تک کامیاب ہے ، مواصلات کے شعبہ میں بنیادی ضروریات اور عالمی تصریحات کے مطابق شاہرات کی تعمیر کے بعد تعلیم پر تمام تر توجہ مرکوز ہے ، یہاں حویلی کہوٹہ سے آئے ہوئے مختلف عوامی وفود اور میڈیا کیساتھ چوہدری محمد عزیز نے پونچھ یونیورسٹی حویلی کہوٹہ کیمپس کی باضابطہ منظوری پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ حویلی کہوٹہ جیسے پسماندہ اور دور افتادہ علاقہ میں یونیورسٹی کیمپس کی منظوری نہ صرف مقامی ضرورت کے عین مطابق ہے بلکہ یہ کیمپس آنے والے وقت میں علاقہ میں تعلیمی انقلاب کاباعث ثابت ہوگا ، جامعہ پونچھ کی درجہ بلندی اور ترقی میں بھی حویلی کہوٹہ کیمپس کا کردار کلیدی ثابت ہوگا ، انہوں نے کہا کہ حویلی کہوٹہ کی پسماندگی دور کرنے کے لئے مواصلات کے بعد تعلیم کی ترقی پر تمام تر وسائل اور توجہ مرکوز کی جاچکی ہے ، علاقہ ہر لحاظ سے ذہانت اور شعوری ترقی کے لئے سازگار ماحول چاہتا ہے ، حویلی کہوٹہ کا سیاسی شعور آزاد کشمیر بھر میں تسلیم شدہ ہے ، جس کی بنیاد تعلیم ہی ہے ، حویلی کہوٹہ کے ہر فرد کے لئے بہتر معیاری اور یکساں تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہمارا سیاسی منشور رہا ہے ، دور افتادہ اور پسماندہ علاقہ سے ابھرنے والی سیاسی قیادت نے محض تعلیم اور ذہانت کی بنیاد پر ہی دیگرعلاقوں کی برابری ممکن بنائی ہے ، انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی پسماندگی اور غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ، جہالت کے خلاف ہماری جدوجہد رنگ لارہی ہے جس کا واضح ثبوت پونچھ یونیورسٹی حویلی کہوٹہ کیمپس ہے ، انہوں نے واضح کیا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی باضابطہ منظوری کے بعد حویلی کہوٹہ کیمپس نہ صرف فعال ہو سکے گا بلکہ علاقہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں معاون بھی ثابت ہوگا ۔حویلی کہوٹہ کے عوام ہائیر ایجوکیشن کمیشن انتظامیہ کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے ۔