مظفرآباد ( وائس آف کشمیر نیوز)پاک فوج کے زیر اہتمام کلین اینڈ گرین کشمیر مہم کے حوالہ سے مرکزی تقریب دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہوئی تقریب میں کمانڈر چنار ڈویژن میجر جنرل واجد عزیز نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ساجد محمود چوہان ، سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد ، سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی اعجاز احمد خان ، سیکرٹری سپورٹس ظفر نبی بٹ، سیکرٹری تعلیم سکولززاہد عباسی ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس فہیم احمد عباسی ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ، کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساء ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس راجہ شہریار سکندر ، طلباء و طالبات کے علاوہ سول و عسکری حکام نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کمانڈر چنار ڈویژن میجر جنرل واجد عزیز اور سیکرٹری صاحبان نے پودے لگا ئے اور شجر کاری مہم کا معائنہ کیا ۔ جبکہ پاک فو ج اور محکمہ جنگلات کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ بھی کیا ۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے میجر جنرل واجد عزیز، اے آئی جی فہیم احمد عباسی کے علاوہ طلبات نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنر ل واجد عزیز کا کہنا تھا کہ پاک فوج سول انتطامیہ کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم میں بھر پور انداز میں حصہ لے رہی ہے۔ کلین اینڈ گرین کشمیرمہم کے تحت اس مون سون سیزن میں 0.5 ملین جبکہ اس سال 1.2 ملین پودے لگائے جائیں گے ۔ یہ مہم 2025 تک 5 سال کے عرصہ کے لیے شروع کی گئی ہے جس کے تحت 5 سالوں میں 1.155 بلین پودے لگائے جائیں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ یہ کسی ایک ادارے یا حکومت کا کام نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس قومی نوعیت کی مہم میں بھرپور انداز میں حصہ لے اور اسے کامیاب بنائے ۔ انہوںنے کہا کہ اس وقت دنیا کو ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے ۔ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہم ان چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں ۔ اس طرح آلودگی کو کم کرنے کے حوالہ سے بھی اس مہم میں کام کیا جائے گا اور سیاحتی مقامات کی صفائی بھی کی جائے گی تاکہ ہمارا ماحول صاف و شفاف رہ سکے ۔ انہوںنے کہا کہ قدرت نے خطہ کشمیر کو قدرتی حسن سے مالا مال بنایا جہا ں سیاحت کے شعبہ میں بے پناہ پوٹینشل موجو دہے ۔ کچھ عرصہ قبل یہاں کے رقبہ کے 39 فیصد حصہ پر جنگلات تھے جوا ب کافی حد تک کم ہو چکے ہیں ۔ ہم سب کو مل کر ہنگامی طور پر اس طرف توجہ دینی ہو گی تاکہ اس خطہ کو دوبارہ اسی طرح سرسبز و شاداب بنایا جا سکے ۔ انہوںنے کہا کہ پاک فوج تمام متعلقہ محکمہ جات اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ۔ تمام شہر ی بھی اپنی ذمہ داری سنبھالیں اور اس خطہ کو سرسبز و شاداب بنانے میں ہمارا ساتھ دین ، اس سے نہ صرف خطہ کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا بلکہ ہماری معاشی حالت میں بھی بہتری آئے گی اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس فہیم احمد عباسی نے کہا کہ کشمیر کو اس کے جنگلات اور صاف پانیوںکی وجہ سے جنت کہا گیا ہے لیکن بدقسمتی سے یہ دونوں چیزیںاب ختم ہوتی جا رہی ہیں ۔ اگر ہم نے مل کر اس جانب توجہ نہ دی تو یہ دونوں چیزیں بتدریج ختم ہوتی چلی جائیں گی جس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ دنیا بھر میںسیاحت کے لیے پر امن علاقوں کو ترجیح دی جاتی ہے ۔ خوقسمتی کے ساتھ آزادکشمیر ایک پر امن علاقہ ہے اور یہاں کرائم کی شرع ملک کے دیگر حصوں کی نسبت بہت کم ہے ۔ سیاحت کے فروغ کے لیے ہمیں اپنے روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ سیاحوں کو سہولیات میسر آسکیں اور سیاحت کو فروغ حاصل ہو۔