مظفرآباد (وائس آف کشمیر نیوز)سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیرشاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ 23مارچ 1940ء مسلمانان برصغیر کی تاریخ کا سنہری دن ہے۔آج کے دن آل انڈیا مُسلم لیگ کے سالانہ اجلاس منعقدہ لاہور میں مسلمانوںکے لیئے الگ وطن کے قیام کی قرارداد منظور کی گئی اور آگے چل کر سات سال کے مختصر ترین عرصہ میں 14اگست 1947ء کو قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس قرارداد کو حقیقت کا رُوپ دے دیاگیا۔23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے ہمیں تجدید عہد کرنا چاہیے کہ الگ وطن کے حصول میں دی گئی لازوال قربانیوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے حقیقی رفاعی ریاست بنانے کے لیئے مثبت رویوں کے دامن کو ہاتھ سے کبھی نہیں چھوڑا جائے گا۔اپنے ملک کی حفاظت کے لیئے ہر طرح کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔اُنہوںنے مزیدکہا کہ ہمیںاپنے وطن عزیز پر ہمیشہ فخر کرنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت سے نواز رکھا ہے۔