اسلام آباد(وائس آف کشمیر نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیری5لاکھ شہدا کے مقدس لہو کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے،شہدا کے لہو سے بے وفائی کرنے والے عبرت کا نشان بنے ہیں،آزاد خطہ انسانی اور قدرتی وسائل سے مالامال ہے قیادت ان وسائل کو درست انداز سے استعمال کرتی تو یہ خطے کا ترقی یافتہ علاقہ اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے لیے رغبت کا باعث ہوتا ایک بار پھر مرحلہ آگیا ہے کہ بیس کیمپ کے عوام امانتدار،دیانتدار قیادت کو منتخب کرے تا کہ وہ مقاصد حاصل ہوں جن کے لیے یہ خطہ آزاد کروایا گیا تھا،ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ 73سال سے کشمیری پاکستان کی تکمیل بقا اور سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں شہدا کے مقد س لہو،ماں بہنوں کی عصمت دری کشمیریوں نے تاریخ ساز قربانیوں کی تاریخ رقم کی تقسیم کشمیر کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے بیس کیمپ کے مجاہد صفت عوام انتخابات میں ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو تحریک آزادی کشمیر کا شاندار ریکارڈ اور واضح لائحہ عمل رکھتے ہوں،جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر اور بیس کیمپ کی خوشحالی کے ایجنڈے کے ساتھ میدان عمل میں ہے قوم تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے واضح اور دوٹوک موقف رکھنے والوں کو اسمبلی میں بھیجیں تا کہ کشمیرکی آزادی کی منزل قریب اور خطہ خوشحالی کی جانب گامزن ہو، انہوں نے کہاکہ آمدہ انتخابات تحریک آزادی کشمیر خطے کے عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے حوالے سے اہم مرحلے پر منعقد ہورہے ہیں بین الاقوامی اسٹبلیشمنٹ کے دبا میں آکر کشمیر کی تقسیم کی باتیں کی جارہی ہیں جماعت اسلامی عوامی قوت کے ساتھ کسی بھی ایسی سازش کو ناکام بنائے گی انہوں نے کہاکہ جس مقصد کے لیے ہمارے آبااجداد نے قربانیاں دے کر یہ خطہ آزاد کروایا تھا وہ مشن تشنہ تکمیل ہے۔