مظفرآباد(وائس آف کشمیر نیوز )سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کے بنیادی سٹیک ہولڈرز ہماری بات کو سناجانا چاہیے ، امسال 5فروری کواجلاس میں صدر پاکستان بھی تشریف لائے تھے ‘ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر قائد ایوان کے خطاب کوپی ٹی وی پر نہ دکھانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں ۔ اس معاملے کو حکومت پاکستان سے اٹھایا جانا چاہیے ۔ ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی کے توجہ طلب نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ قانون ساز اسمبلی کا ایوان ریاست جموں وکشمیر کا نمائندہ ایوان ہے، یہ ایوان کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔ یہاں جب بھی پاکستان کے صدر یا وزیرا عظم تشریف لاتے ہیں تو پوری دنیاکی نظریں اس پر ہوتی ہیں ۔ یوم یکجہتی کشمیر حکومت پاکستان کی پالیسی اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار ہوتا ہے ۔ وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ماضی کی روایات رہی ہیں کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع قائد ایوان کا خطاب پی ٹی وہ پر نشرکیا جاتا ہے جبکہ اس سال قائد ایوان کا خطاب نشر نہیں کیا گیا، اس معاملے کو حکومت پاکستان کے ساتھ اٹھائیں گے ۔