مظفرآباد (وائس آف کشمیرنیوز)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے محکمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو سخت تحریری حکم جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایس او پیز کے تحت ٹرانسپورٹ کو چلایا جائے ،کرونا وباء میں شدت آنے پر ٹرانسپورٹ بند کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جارہا ہے ، ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو بھی دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے شہر اور دیہی علاقوں میں چلنے والی ٹرانسپورٹ میں ایس اوپیز کو یقینی بنائیں تاکہ کرونا کے پھیلائو پر بآسانی قابو پایا جا سکے ، ڈرائیور حضرات اپنی استعمال میں گاڑی کے اندر سنی ٹائیزر اور ماسک سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کو یقینی بناتے ہوئے سماجی فاصلہ کا بھی خیال رکھیں ، لاک ڈائون سے بھوک و افلاس کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں تاہم انسانی جانوں کے ضیائع پر خاموش تماشائی نہیں بناجا سکتا ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے کرونا کی بگڑتی ہوئی حالات کے پیش نظر ٹرانسپورٹ اتھارٹی سمیت دیگرشعبہ جات کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا ، وزیرٹرانسپورٹ نے کہا اس وقت ہمارے سب سے اہم شعبہ جات تعلیمی ادارے اور صحت ، سیاسی سرگرمیوں سمیت دیگر اجتماعات پر پابندی عائد ہے تاہم تاجر اور پبلک ٹرانسپورٹ کرونا وباء میں مذید شدت پیدا کرنے میں کردار ادا کررہے ہیں جن کو فی الفور احتیاطی تدابیر کا تداک کرنا ہوگا ، وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو ہر طرح کی پریشانی حالات سے بچایا جائے لیکن عوام کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے خود بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے کرونا وباء پر قابوپانے میں ساتھ دیں ۔