مظفرآباد( ) وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں جہاں ایک طرف غیرریاستیوں کو بسایا جارہا ہیوہاں دوسری طرف معصوم شہریوں کے قتل عام میں بھی کوئی کمی نہیں آرہی۔بھارت مقبوضہ علاقے میں مسلم آبادی کے تناسب کوکم کرنے کیلئے ہردوخوفناک وشرمناک طریقے مکمل بے ر حمی سے استعمال کر رہاہے جس پرپاکستان کومسلسل زوردار آواز اٹھانی چاہیے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے باہر سے لاکر ہندووں کو آباد کررہا ہے تاکہ وہاں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر سکے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل عام میں بھی مصروف عمل ہے، آئے روز کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے گذشتہ ماہ بھی ایک درجن سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ ہندوستان کشمیریوں کی شناخت کرنے کے درپے اور انکی املاک کو بھی تباہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے، اقوام متحدہ کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کے لیے اپنا عملی کردار ادا کرے اور اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔