وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کے اندر سیز فائر لائن پر ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی آڑ لے کر معصوم کشمیریوں کا قتل عام شروع کر رکھا ہے۔ مساجد کی بے حرمتی کی جا رہی ہے نمازیوں پر گولیاں برسائی جار ہی ہیں ۔ کشمیری تمام تر مصائب و مشکلات کے باوجود 13جولائی 1931کی شمع جلائے ہوئے ہیں۔ رمضان المبارک برکتوں اور سعادتوں کا مہینہ ہے ۔ ماہ صیام میں غزوہ بدر ہوا۔ فتح مکہ بھی اسی ماہ میں مسلمانوں کو نصیب ہوئی اور برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی شکل میں نعمت ملی۔ اس ماہ مقدس میں تمام مسلمانو ں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراں فروشی او ذخیرہ اندوزی کی نہ صر ف مذمت کرنی چاہیے بلکہ اس کے تدارک میں حکومت کا ساتھ دینا ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کسی کو مہنگائی نہیں کرنے دیں گے۔ وہ آزادکشمیر کابینہ کے 46ویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزراءکرام ،چیف سیکرٹری سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ نبی رحمت للعالمینﷺ کی حرمت اور محبت میں ہمارے ماں باپ آل اولاد سب قربان ،ان کی محبت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ۔مسلم لیگ ن کی حکومت اور پارلیمانی پارٹی کو رب العزت نے یہ توفیق دی کہ ہم نے ختم نبوت کو آزادکشمیر کے آئین کا حصہ بنایا۔ آئین میں ترمیم کی اس موقع پر صرف مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی موجود تھے۔ ہمارا ایمان ہے کہ یہ ہمارے لیے آخرت میں کامیابی اور نجات کا ذریعہ بنے گا۔ حکومتی رٹ پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ رمضان المبارک میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے وزیرا عظم نے کہا کہ مدینہ منورہ میں حضور ﷺکے دو ر میں بھی وباءآئی تھی ، حضو رﷺ نے اس سے بچنے کے لیے احتیاط کا حکم دیا تھا اور کوڑھ کے مریض سے دور رہنے کے احکامات بھی صادر فرمائے وزیر اعظم نے شہدا ءکشمیر ، کورونا وائرس سے جانبحق ہونے والے افراد کے ساتھ ساتھ غازی الہی بخش کے فرزند ارشد محمود غازی ، سابق وزیر محمد حسین سرگالہ، آئی اے رحمن ،سابق صدر راجہ ذوالقرنین خان کی اہلیہ سمیت دیگر کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی ۔