مظفرآباد(وائس آف کشمیر نیوز)غازی ملت راجہ حیدرخان کی 55ویں برسی کی مختصر دعائیہ تقریب شاہ عنایت ولی مسجد میں آج دن دس بجے ہوگی جس کے تمام ترانتظامات مکمل ،،وزیراعظم فاروق حیدر خان دعائیہ تقریب میں شریک ہونگے ،جبکہ کورونا کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظرمرکزی تقریب منسوخ کی گئی ہے،مرکزی تقریب کا اعلان عید کے بعد کیاجائے گا، حیدرمیموریل ایسوسی ایشن کے صدر راجا ممتازخان،راجہ اخترحسین،شاہد لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث راجہ حیدرخان مرحوم کی برسی تقریب کو مختصر کردیا گیا ہے ،مسجد شاہ عنایت ولی میں قرآن خوانی اوردعائیہ تقریب ہوگی تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدرخان سمیت محدود پیمانے پر شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے ، غازی ملت راجہ محمد حیدرخان دومرتبہ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر رہے ہیں اوررئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کے دست راست تھے انہوں نے دیانتداری،دلیری،سچائی اورعوامی مسائل حل کروانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا،مرحوم تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو تھے انہوں نے جہاں سیاسی میدان میں لہو منوایا وہاں سماجی برائیوں اورہندووانہ رسومات کو ختم کرنے میں کلیدی کردارادا کیا اوریہی وجہ ہے کہ 55سال وفات کو گزرنے کے باوجود لوگ انہیں آج بھی یاد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غازی ملت کے چاہنے والے اپنے اپنے گھروں میں قرآن خوانی اوردعائیہ تقریب رکھیں مزار راجہ حیدرخان پرنہ آئیں کورونا وبا سے خود اوردوسروں کومحفوظ رکھیں۔