چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن وزیر اطلاعات،سیاحت،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور کشمیری عوام انٹرنیٹ سمیت مواصلاتی روابط کی بندش کے باعث دنیا سے کٹ کررہ گئے ہیں۔انہوں نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ مقبوضہ وادی گزشتہ پانچ اگست سے مکمل محاصرہ میں ہے۔ محاصرے کے آغاز سے لوگوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور سیاسی قیادت کے علاوہ ہزاروں بچوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض افواج تلاشی اور محاصرے کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بناکر انہیں شہید کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کے مسئلے کے باوجود جموں و کشمیر میں مظالم کی نئی تاریخ رقم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کورونا کے مریضوں کو طبی سہولتیں نہیں فراہم کی جارہی ہیں اور انہیں تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی کے جنگی جنون کو روکا نہ گیا جو جنوبی ایشیاء کا امن خطرات کاشکار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو ہندوستانی ظلم وبربریت کا نوٹس لینا چاہیے دنیا کی خاموشی سے نریندر مودی کے حوصلے بڑھ رہے ہیں اور اسی طرح انسانیت کے لیے مزید خطرات پیدا ہورہے ہیں۔

77