مظفرآباد( وائس آف کشمیر نیوز )آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سکولز بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ریاستی تاریخ میں سب سے زیادہ بجٹ عوام پر خرچ کرنیوالی حکومت ہے قیام کے مختصر عرصہ میں موجودہ حکومت کے انقلابی اقدامات کی بدولت آزادکشمیر کی ریاست مالی طور پر مستحکم ہوئی ریاستی آمدنی میں اضافے کے ثمرات عوام تک براہ راست پہنچ رہے ہیں آزادکشمیر میں سڑکوں کو پختہ کرنے اور عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہماری حکومت نے جتنا بجٹ خرچ کیا ہے اسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی مسلم لیگ ن کی حکومت کارکردگی کا موازنہ کیا جائے تو ماضی کے کسی بھی دور حکومت کی کارکردگی سے کہیں زیادہ ہے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے آئندہ عام انتخابات میں عوام سے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ لیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزدارالحکومت کے مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر عوام علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کے آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن ہی سب سے بڑی قوت کے طور پر سامنے آئے گی تحریک انصاف آزادکشمیر کے قائدین صرف اور صرف وفاقی حکومت کے بل بوتے پر یہاں حکومت بنانے کے جاگتی آنکھوں سے خواب دیکھنے میں مصروف ہیں عملی طور پر آزادکشمیر میں نچلی سطح تک عوام کے اندر ان کا کوئی وجود نہیں ہے پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے جو گل کھلائے ہیں وہ آزادکشمیر میں آئندہ عام انتخابات کے اندر انکی جماعت کو کاٹنے ہوں گے پاکستان میں مہنگائی کا طوفان برپا کرکے عوام کو جس اذیت میں مبتلا کردیا گیا اسکے بعد عوام کیلئے دو وقت کی روٹی میسر کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے کراچی سے کشمیر تک مہنگائی کے اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے ملکی تاریخ میں مختصر عرصہ کے دوران تحریک انصاف کی حکومت نے جتنا قرضہ لیا اتنا پاکستان کی کسی حکومت نے نہیں لیا انہوں نے کہا کہ پاکستان کے انتخابات میں بلند وبانگ دعوے اور عوام کو دکھائے جانیوالے خوابوں میں سے کوئی ایک کام عملی روپ نہیں دھار سکا آزادکشمیر کے عوام کو تحریک انصاف کی پاکستان میں دو سالہ کارکردگی نظر آچکی ہے یہاں کے عوام ان کے جھانسے میں آنیوالے نہیں ہیں مسلم لیگ ن پوری طاقت سے آزادکشمیر کے انتخابات میں حصہ لے گی۔