وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے ریاستی عوام سے اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس کی خطے میں بڑھتی ہوئی تشویش ناک صورتحال کی پیش نظر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کروائیں،ایسا نہ ہو کہ کل کو پھر حالات اتنے خراب ہو جائیں کہ آپ کواور آپ کے پیاروں کو ان حالات سے گزرنا پڑے جس کے تصور سے بھی رونگٹے گھڑے ہو جاتے ہیں۔ کرونا وائرس ایک جان لیوا وباء کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ ہندوستان میں آنے والی تباہی کے مناظر ہماری آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔ رمضان المبارک کے اس با برکت مہینے میں تمام لوگوں سے گزارش ہے کہ سحری،افطاری اور نماز سمیت ہر وقت اللہ رب العزت سے دعا مانگیں کہ وہ ہمیں اس وباء سے محفوظ رکھے۔ وزیراعظم جموں وکشمیر ہاوس اسلام آباد میں آزادکشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے عمائدین سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی ویکسینیشن کا عمل سست روی کا شکارہے۔ ابھی تک 1 فیصد لوگوں کو بھی ویکسین نہیں لگائی جا سکی اور اس حساب سے سالوں لگیں گے۔ احتیاط ہی اس سے بچاو کا واحد راستہ ہے۔ عوام رضاکارانہ بنیادوں پر اس وائرس سے نمٹنے کے لیے کردار ادا کرے۔ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ زندگی ہے تو سارے کاروبار و معاملات چلتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ آزادکشمیر کے ہسپتالوں میں کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر کیے جانے والے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔انتظامیہ SOPsپر عملدرآمد کے حوالے سے کسی قسم کی رعایت نہ کرے۔ عوام کی جان و مال پر کسی چیز کو فوقیت نہیں دی جا سکتی۔ علماء کرام مساجد کے اندر SOPsپر سختی سے عملدرآمد کروائیں۔ سول سوسائٹی اور دیگر سیاسی زعما ء بھی اس حوالے سے اپنا خصوصی کردار ادا کریں

1111