وزیر تعلیم سکولز آزادکشمیر بیرسٹرسید افتخارگیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ریاست بھر میں بلاتخصیص تعمیر وترقی کے کام کروائے۔ این ٹی ایس کے ذریعے محکمہ تعلیم میں پڑھے لکھے نوجوانوں کی بھرتیوں سے میرٹ کا بول بالا کیا۔ مسلم لیگ ن کا دور حکومت ماضی پر بھاری ہے۔ آمدہ انتخابات میں ہم اپنی کارکردگی لے کر عوام کے پاس جائیں گے اور عوام ایک بار پھر مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرینگے۔ گزشتہ روز وفود سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہاکہ ماضی میں بھرتیا ں سیاستی بنیادوں پر ہوتی تھیں‘ تعلیم جیسے محکمہ بھی سیاسی اثرورسوخ کا شکار تھا لیکن ہم نے محکمہ تعلیم سے سفارش کلچر کو ختم کرنے کیلئے این ٹی ایس کانفاذ کیا جس سے ایک غریب کا پڑھا لکھا بیٹا جس کے پاس کوئی سفارش نہیں وہ بھی میرٹ پر اپنی اہلیت کے باعث بھرتی ہوئے مسلم لیگ ن کا دور حکومت ہر حوالے سے مثالی رہا ہے۔ تیرہویں ترمیم کے ذریعے ریاست کو مالیاتی طور پر خود مختار بنایا۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور ان کی کابینہ کے ویژن اور حکومت کی بہترین پالیسی کے باعث حکومت او ڈی پر نہیں ہے۔ ماضی میں حکومتیں اوورڈرافٹ پر چلتی تھیں۔ مسلم لیگ ن کے حکومت نے ریاستی وسائل میں بھی اضافہ کیا۔ منصوبے سکیمیں زمین پر نظر آرہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام انتخابی وعدے پورے کر دئیے۔ عوام کا حق حکمرانی بحال کیا۔ ریاستی حکومت کی رٹ قائم کی۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات قریب ہیں۔ ہم اپنی کارکردگی لے کر ایک بار پھر عوام کے پاس جائیں گے اور راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں ایک بار پھر عوام کی عدالت میں سرخرو ہو کر حکومت قائم کرینگے اور تعمیر وترقی و عوامی خدمت کا تسلسل جاری رکھیں گے۔
22