آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت منگل کے روز تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں سپیکرشاہ غلام قادر نے ممبران اسمبلی عبدالرشید ترابی، محترمہ رفعت عزیز اور محمد صغیر چغتائی پر مشتمل پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا۔ اجلاس میں قائمقام چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس شیراز کیانی، وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر کی اہلیہ محترمہ اور سابق چیف جسٹس سردار محمد نواز خان و دیگر کی وفات پرممبر اسمبلی علی رضا بخاری نے دعا کروائی۔ اجلاس میں ممبر اسمبلی سحرش قمر کے سوال کے جواب میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کہا کہ اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ اس حوالہ سے آگاہی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے۔