وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرراجہ فاروق حیدر خان سے یونین کونسل سیناں دامن کے وفد کی ملاقات۔یونین کونسل میں ترقیاتی کاموں پر وفد نے وزیر اعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کیااور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وفد میں یونین کونسل سیناں دامن کے صدر چوہدری اکرم عالم، ٹھیکیدار نجیب اللہ اعوان، نیاز ہمدانی، راجہ سعید قاسم، حمید سردار، یاسر رشید فاروقی و دیگر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر کے تمام علاقوں میں تعمیر و ترقی کے لیے بلا تخصیص فنڈز فراہم کیے، گزشتہ ادوار میں جس ضلع سے تعلق رکھنے والا وزیر اعظم ہوتا تھا سارے فنڈز اسی ضلع میں جاتے تھے۔ہمارے دور میں آزاد کشمیر کے تمام حلقوں میں بلاتخصیص ترقی ہوئی۔مسلم لیگ ن نے عوامی ضرورت کے مطابق ترقیاتی منصوبے لگائے گئے ہم نے عام آدمی کو اسکی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پالسیاں مرتب کر کے ان پر عملدرآمد کیا۔مسلم لیگ ن کے دور کا کسی اور حکومت سے تقابلی جائزہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مالیاتی ڈسپلن قائم کیا۔تیرہویں آئینی ترمیم کے ثمرات سے آزاد کشمیر کے لوگ مستفید ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہم نے بین الا اضلاعی سڑکات کی اپ گریڈیشن کی اور اس کے بعد لنک روڈز اور کمیونٹی انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت منصوبے لگائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ محمد نواز شریف نے دوگنا کیا جس سے خطہ میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا۔ ہمارے دیرینہ مسائل بھی محمد نواز شریف کی کمال مہربانی سے حل ہوئے۔ صحت،تعلیم سمیت ہر شعبہ میں اصلاحات کیں۔ ریاستی آمدن بڑھائی اور اخراجات کم کیے۔ انہوں نے کہا کہ سخت فیصلے نہ کرتے تو لوگوں کا سسٹم سے اعتبار اٹھ جاتا۔اس موقع گفتگو کرتے ہوئے وفد نے کہا کہ آمدہ الیکشن کی تیاریاں شروع کی جا چکی ہیں انشاء اللہ کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن دوبارہ حکومت بنائے گی۔اس موقع پر وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کو یونین کونسل کے جملہ دیرینہ مسائل کے بارہ میں آگاہ کیا جس پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

33