مظفرآباد/ راولپنڈی(وائس آف کشمیر نیوز)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دنیا کو کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج فلسطین کا مسئلہ پوری دنیا میں اپنی اہمیت اور حقیقت منوا چکا ہے ۔ دنیا نے یہ تسلیم کرلیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا قیام صرف مسئلہ فلسطن کے حل سے مشرو ط ہے ۔ اسی طرح کشمیری عوام نے بھی بڑی حد تک دنیا کو یہ باور کرایا ہے کہ جنوبی ایشیاء کے مسئلے کے حل کیلئے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مجاہد منزل میں حلقہ چڑہوئی سے مسلم کانفرنس کے نامزد امیدوار راجہ نعیم منصف داد اور حلقہ سہنسہ سے راجہ خلیق احمد نوابی ایڈووکیٹ ، راجہ محمد الیاس، چوہدری منظور احمد ایڈووکیٹ ، سردار بابر محمود منگول ، راجہ محمد الیاس مصطفوی ایڈووکیٹ ، رب نواز مغل ، راجہ ابرار ، عباس دوگالوی ، راجہ افتخار سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس معاملے میں زوردار سفارتی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جس طرح فلسطین کے عوام کی نمائندگی کا حق ادا کیا ۔ اسی طرح پالیسی کو یہاں اپنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے کنٹرول لائن پر قربانیاں دے کر تحریک آزادی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔ کنٹرول لائن پر بسنے والے عوام حکومتوں کی ہر ممکن توجہ کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ایک تاریخی جماعت ہے ۔ اس کی تاریخی حیثیت بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ جلد بھولے بسرے لوگ واپس اپنے گھر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کارکن پوری قوت کے ساتھ عوام تک مسلم کانفرنس کا پیغام پہنچائیں اور انتخابی مہم کو تیز کریں ۔