وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت کابینہ ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزراء کرام،ایڈیشنل چیف سیکرٹری(جنرل)، ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی ترقیات، سیکرٹری صاحبان اور سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ ورکس و مواصلات سیکٹر کے 9ارب 10کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 16 منصوبہ جات کی منظوری دے دی گئی۔آزاد کشمیرکے 8اضلاع میں 508کلومیٹر رابطہ سڑکوں کی تعمیر،بہترگی و پختگی کے منصوبہ جات شامل ہیں۔ منظور کیے گئے منصوبہ جات میں ضلع مظفرآباد میں 65 کلو میٹر روڈ کی پختگی، ضلع جہلم ویلی میں 33 کلو میٹر روڈز، ضلع باغ میں 49 کلومیٹر، راولاکوٹ میں 65 کلو میٹر، ضلع سدھنوتی میں 33 کلو میٹر، کوٹلی میں 120 کلو میٹر، میر پور میں 92 کلو میٹر اور بھمبر میں 49 کلو میٹر روڈز کی تعمیر و پختگی کے منصوبہ جات شامل ہیں جبکہ ضلع باغ میں ڈھلی تا لس ڈنہ 14 کلو میٹر اور راولاکوٹ میں کھائی گلہ، تولی پیر، لس ڈنہ 30 کلو میٹر روڈ کی تعمیر و پختگی کے منصوبہ جات شامل میں۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزادکشمیر بھر میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کو مقررہ مدت کے اندر شفاف انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی عمل کی خود مانیٹرنگ کریں اور بروقت فنڈز کا استعمال یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں سڑکوں کی تعمیر سے جہاں عوا م کو سفری سہولیات میسرا ٓئیں گی وہاں آزادکشمیر میں ٹور ازم کو بھی فروغ ملے گا اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع میسرآئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کے لیے روڈ انفراسٹرکچر کا بہتر ہونا بہت ضروری ہے۔ 5 سال میں کوشش کی ہے کہ عوامی نوعیت کے منصوبہ جات پر زیادہ توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست میں جتنی زیادہ ترقی ہوگی اتنے ہی زیادہ روزگار کے مواقع میسر ہوں گے اور لوگ خوشحال ہوں گے۔ آزادکشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔

44