حکومت آزاد کشمیر نے سیاسی جماعتوں کے 500افراد کے اجتماع پر ایس او پیز کے مطابق اجازت دیدی جبکہ 500افراد سے زائد اجتماع اور ریلیوں کے انعقادپر پابندی برقرار رہے گی،آزادکشمیر میں 9Thسے12Th تک کلاسزکھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلی سے آٹھویں تک کلاسز کے آغاز کا فیصلہ آئندہ اجلاس میں ہوگا۔ امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے تعلیمی بورڈ کو جلد ازجلد امتحانی شیڈول جاری کرنے کی ہدایت ۔ سربراہ محکمہ جات سرکاری ملازمین کی جلد ازجلد کورونا ویکسی نیشن پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ آزاد کشمیر میں ٹور ازم کے حوالہ سے این سی او سی کی ہدایت کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا ۔ 22لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا اہداف ہے جو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کی زیر صدارت آزادکشمیرمیں کورونا کی موجودہ صورتحال کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا جس میں وزیر صحت عامہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان ، وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی ، وزیر ہائیر ایجوکیشن کرنل (ر) وقار احمدنور ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سید آصف حسین ، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ، سیکرٹری تعلیم سکولز زاہد عباسی ، سیکرٹری تعلیم کالجز چوہدری محمد طیب ، سپیشل سیکرٹری صحت عامہ سہیل اعظم، سپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالحمید مغل ،کمشنر مظفرآباد تہذیب النسائ،پروگرام کوآرڈینیٹر ای پی آئی ڈاکٹر بشری شمس اور تمام ڈویژنل کمشنرز نے ویڈیو لنک پرشرکت کی ۔ سپیشل سیکرٹری صحت عامہ سہیل اعظم نے شرکاءکو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری صحت عامہ نے بتایا کہ آزادکشمیر میں اب تک192027افرادکے کورونا وائرس کے شبہ میں ٹیسٹ لیے گئے ہیں اور18852افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے جن میں سے16751افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ1569مریض زیر علاج ہیں532مریضوں کی موت ہوئی ہے جن میں سے75کا تعلق مظفرآباد،12کا جہلم ویلی،10کا نیلم،100کاپونچھ،66کا باغ،5 کا حویلی، 10کاتعلق سدھنوتی،138 کاتعلق میرپور،48کابھمبراور68کا کوٹلی سے ہے۔کورونا وائرس کے1569مریضوں میں سے1513مریضوں کو حکومت آزادکشمیر کی پالیسی کے تحت مختلف اضلاع میں ہوم آئسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ56مریض آزادکشمیر کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔آزادکشمیرمیں اس وقت 70ویکسی نیشن سینٹر قائم ہیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان برطانیہ سے آنے والوں کی ٹیسٹنگ اور ویکسی نیشن کے لیے ائیر پورٹ پر ڈیسک قائم کرے ۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ علماءکروام کے ذریعے کورونا ویکسی نیشن کے لئے عوام کو قائل کریں ۔ انہوں نے رینڈم ٹیسٹنگ کو بڑھانے پر بھی زور دیا ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آنے والے بکروالوں کی ٹیسٹنگ اور ویکسی نیشن کی جائے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی ریلیوں پر پابندی کو یقینی بنایا جائے اور 500افراد کا اجتماع ہو اورکھلی جگہ پر ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کا پابند کیا جائے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے آزا د کشمیر میں کورونا وائرس پر کنٹرول اور ایس او پی پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔