پاکستان مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے خالصتا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عارضی ملازمین کی مستقلی کا مشکل فیصلہ کیا جس پر وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔اپنے خصوصی بیان میں راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ مختلف محکمہ جات میں عرصہ دراز سے لوگ عارضی تعینات ہیں کئی کا دورانیہ دس دس سال سے بھی تجاوز کر چکا ہے اور ان کی عمر کی حد بھی مطلوبہ حد سے تجاوز کر چکی ہے ۔انہوں نے کہا یہ ایک مشکل فیصلہ تھا مگر ملازمین اور ان کے خاندانوں کے تحفظ کیلیے مسلم لیگ ن کی حکومت نے اس اہم فیصلے کو کیا تاکہ ان افراد کو ریلیف دیا جا سکے جنہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی ایام ریاست کی خدمت میں صرف کئے ۔انہوں نے کہا کابینہ نے پانچ سال سے زائد سروس کے حامل افراد کو اس پیکج میں شامل کر کے اس بات کا واضح ثبوت دیا کہ اللہ پاک کے فضل سے یہ مسلم لیگ ن ہی ہے جو لوگوں کی فلاح و بہبود اور ان کے تحفظ کو یقینی بنا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس اہم فیصلے پر وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان سمیت پوری کابینہ مبارک باد کی مستحق ہے ۔انہوں نے کہا فیصلے سے ان کنٹریکچول ،ایڈہاک ملازمین کے خاندانوں کو ریلیف ملا ہے جو کئی سال سے گومگو کی کیفیت کا شکار تھے ۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ قائد پاکستان محمد نواز شریف اور شیر پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے اس ویژن کا عکاس ہے جس کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ریاست کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے