وزیراعظم آزاد کشمیر نے گڑھی دوپٹہ میں واٹر سپلائی سکیم گڑھی دوپٹہ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، اس منصوبے پر 254.586ملین روپے لاگت آئے گی۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کی جہلم ویلی آمد پر کارکنان کی جانب سے بھرپور خیر مقدم کیا گیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کے اعزاز میں چڑہوئی میں لیگی رہنما صوبیدار عاشق حسین اعوان کی جانب سے استقبالیہ دیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے قبل ازیں اسلم اعوان کی وفات پر ان کے گھر جا کر اسماعیل اعوان اور ظفر اعوان سے اظہار تعزیت کیا۔ازاں بعد استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہمارے ہاتھ میں پاکستان کی بانی جماعت مسلم لیگ کا پرچم ہے جو اللہ کے فضل اور اسکی تائید و نصرت سے سر بلند رہے گا، تحریک انصاف صرف عمران خان کی ذات تک محدود ہے،مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے، موجودہ حکومت پاکستان نے عام آدمی کی مشکلات بڑھا دی ہی۔ اداروں کو تباہ کر دیا ہے،پہلے 3 ماہ کے بعد بہتری کا کہتے ہیں پھر 6 ماہ پھر سال اور بات اب اگلے Tenure پر چلی گئی ہے۔ پاکستان کے حالات سب کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ڈٹ کر عوام کی خدمت کی وہ عوام کے ووٹ کے مستحق ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں ہر علاقے میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہوے جو نظر آرہے ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت نے ترقیاتی بجٹ دوگنا کروایا، مالیاتی خودمختاری حاصل کی، تاریخی تیرہویں آئینی ترمیم ہوئی اور سب سے بڑا کام ختم نبوت کو آزاد کشمیر کے آئین کا حصہ بنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے مطالبہ پر حلقہ سات سے خود الیکشن لڑ رہا ہوں، جہلم ویلی والے جانتے ہیں کہ ان کے ووٹ کا حقدار کون ہے،آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے عوام مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔