اسلام آباد( وائس آف کشمیر نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق سے جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے قائمقام امیر نورالباری نے ملاقات کی ،اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور جماعت اسلامی آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل محمد تنویر انور خان بھی موجود تھے ،قائمقام امیر نورالباری نے آزادکشمیر کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلا ت سے آگاہ کیا ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ وفاقی حکومت آزادکشمیر کے انتخابات میں مداخلت سے اجتناب کرے ،کشمیری عوام کو موقع فراہم کیاجائے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے نمائندے منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجیں ،عوام آزادکشمیر اور پاکستان میں مقیم مہاجرین جماعت اسلامی کے امیدواران پر اعتماد کریں تا کہ کشمیرکی آزادی کی منزل حاصل کی جاسکے اور لوگوں کے مسائل حل ہوں ،جماعت اسلامی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے بے مثال قربانیاں ہیں عوام کی خدمت کا شاندار ریکارڈ ہے ،عوام جماعت اسلامی کی ان کاوشوں کو تسلیم کرتے ہوئے موقع دیں تا کہ سرکاری وسائل کو درست منصوبہ بندی کے تحت برئوے کار لایا جائے اور مسائل حل کیے جائیں ،انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر سازشیں کی جارہی ہیں ان کو ناکام بنانے کا راستہ بھی یہی ہے کہ جماعت اسلامی کاپارلیمان میں موثر کردار ہو جس طرح پاکستان میں الیکٹیبلز کے نام پر کرپٹ لوگوں کو جمع کر کے ایوانوں میں لایا گیا جو مہنگائی ،بے روزگاری اور فحاشی کاسونامی لائے ہیں اسی طرح اگر آزادکشمیر میں کرنے کی سازش کی گئی تو جماعت اسلامی رکاوٹ بنے گی ،آزاد خطہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے ا س کے اس کردار کو فعال اور بحال رکھنا پاکستان کے لیے ضروری ہے اسلام آباد میں بیٹھے حکمران اس نزاکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے آزادکشمیر میں فری اینڈ فیئر انتخابات کا اہتمام کریں انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ہمارے بھائی گزشتہ 2سال سے لاک ڈائون میں شدید مشکلات کا شکار ہیں پاکستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں ماضی بھلانے کی باتیں کرنے کی بجائے کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دیں ۔