مظفرآباد(وائس آف کشمیر نیوز) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے مظفرآباد سرینگر شاہراہ پر ٹنڈالی کے مقام پر قائم جدید ترین مڈ لینڈڈاکٹرز میڈیکل انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا اور اس ہسپتال میں خواتین اور بچوں سمیت ہر قسم کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی تشخیصی وعلاج و معالجے کی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے اس ہسپتال کو ریاست میں صحت کے شعبے میں ایک شاندار اضافہ قرار دیا ہے۔ 2005ء کے تباہ کن زلزلے کے بعد برطانیہ کے مختلف شہروں میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی اور کشمیری ڈاکٹروں کی کوششوں اور فراخدلانہ مالی تعاون سے قائم ہونے والے اس جدید ترین ہسپتال نے 2013میں باقاعدہ طبی سہولتوں کی فراہمی شروع کی تھی اور اب تک تین لاکھ ستاسٹھ ہزار سات سو دو مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی بلا معاوضہ طبی سہولتیں فراہم کیں۔ ہسپتال پہنچنے پر صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کا ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلال حسین، ریڈ کریسنٹ آزادکشمیر کے چیئرمین اعجاز رضا چوہدری، ممتاز یورالوجسٹ ڈاکٹر نعیم احمد بٹ، ڈاکٹر علی شیخ، ڈاکٹر شبنم اور ہسپتال کے عملے اور انتظامیہ کے ارکان نے بھرپور استقبال کیا۔ صدر ریاست نے ہسپتال کے جنرل سرجری، بچوں کے امراض کے شعبہ، شعبہ امراض گردہ و مثانہ، شعبہ امراض قلب، شعبہ امراض داندان، شعبہ امراض چشم، بچوں میں غذائی کمی سے جنم سے لینے والی بیماریوں کے شعبہ،ہسپتال کی لیبارٹری اور فارمیسی سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی و تشخیصی سہولتوں کے علاوہ ہسپتال میں استعمال ہونے والی جدید میڈیکل مشینری اور آلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صدر آزادکشمیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جدید ترین ہسپتال ہے جہاں امراض قلب، ذیابیطس، غذائی کمی کا شکار بچوں کے علاج و معالجے کی بہترین سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں۔ اس ہسپتال کو قائم کرنے اور اسے کامیابی سے چلانے پر برطانیہ اور دیگر ممالک میں مقیم ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ یہ اُن کی مادر وطن اور اپنے ہم وطنوں سے محبت کا بین ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں اتنی بڑی طبی سہولتیں مہیا ہونے کی وجہ سے سینکڑوں انسانی جانوں کو بچانے میں مدد مل رہی ہے اور اسے دیکھ کر ہمارا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر نہایت اطمینان اور خوشی ہوئی ہے کہ ہسپتال میں استعمال ہونے والے طبی آلات اور مشینری کے علاوہ لیبارٹری میں استعمال ہونے والی مشینری اور عملہ کی کارکردگی بین الاقوامی معیار کی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہسپتال کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلال حسین اور ڈاکٹر نعیم نے بتایا کہ ہسپتال میں پہلے سے موجود سہولتوں کے علاوہ اگلے چھ ماہ میں کیتھ لیب کارڈیالوجی کے شعبے کا اضافہ کیا جا رہا ہے اور یہ سہولت مظفرآباد اور اس کے قرب و جوار میں اپنی نوعیت کی پہلی طبی سہولت ہو گی۔