باغ(وائس آف کشمیر نیوز) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ظلم پر مبنی ظالمانہ اور فرسودہ نظام کو ختم کر کے اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کے قیام کی جدوجہدکررہی ہے ،جماعت اسلامی حق دار کو حق دلانے اور ظالم کو ظلم سے روکنے کی جدوجہد میں مصروف ہے ،ہر مسلمان پر فرض ہے کہ وہ اللہ کے دئیے ہوئے نظام کے قیام کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دے ،ہم نے اسمبلی کے فلور اور عوامی سطح پر عوام کے حقوق اور کشمیرکی آزادی کی جنگ لڑی ہے ،عوام اعتماد کریں تو نظام میں اصلاح احوال کر کے مخلوق خدا کی خدمت کریں گے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ اللہ کو راضی کرنا ہی ہمارا مقصود ہے یہ زندگی عارضی ہے مہلت عمل ختم ہونے سے قبل اللہ کو راضی کریں اللہ کے دین کو قائم کریں اللہ اور اس کے رسول ۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ حلقے میں ہم نے کوشش کی کہ ہرفرد کے دکھ درد میں شریک رہا جائے جتنی حاضری حلقے میں ہماری ہے کسی اور لیڈر کی نہیں ہے جماعت اسلامی اصلاح احوال کی جدوجہد کررہی ہے ہماری دوہری ذمہ داری ہے ایک مقبوضہ کشمیر کے اندر ہمارے بھائی آزادی کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں ان کی عملی مدد کرنا ان کی تحریک کو آگے لے کر چلنا یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے اسی طرح آزاد خطے کے اندر مسائل زدہ عوام کے مسائل حل کرنا تھانے کچہریوں میں ان کی آواز بننا ہم سب پر فرض ہے ۔