چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ انتخابات کو صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے۔انتظامیہ اورپولیس غیر جانبدار رہ کر اپنے فرائض سرانجام دے۔ کورونا ویکسینیشن کی شرح میں اضافہ ناگزیر ہے۔ اس حوالہ سے کورونا ویکسینیشن سینٹرز کے ساتھ ساتھ موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں جو دوردراز علاقوں میں لوگوں کو کورونا ویکسین لگائیں۔کورونا ویکسینیشن کی موثر مانیٹرنگ کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسین لگا کر اس وبا سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآبادڈویژنل انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد اور کرونا ویکسنیشن کے عمل کے حوالہ سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساء نے چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کو بریفنگ دی جبکہ اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس مظفرآباد ریجن راجہ شہریار سکندر، متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزاور پولیس آفیسران بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان نے اس موقع پر ہدایت کی کہ کوروناویکسین لگانے کی رفتار میں اضافہ کرنے کیلئے ہنگامی طورپر اقدامات اٹھائے جائیں،لوگوں کو کورونا ویکسین لگوانے کی طرف راغب کیا جائے۔ اس حوالہ سے میڈیا کے ذریعے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا ویکسنیشن کے حوالہ سے نیلم ویلی اور جہلم ویلی کے دور دراز علاقوں کیلئے موبائل ٹیمیں بھیجی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگ سکے۔انتظامی آفیسران اور پولیس غیر جانبدار ہوکر اپنے فرائض سرانجام دے۔