مظفرآباد( وائس آف کشمیر نیوز )دارلحکومت مظفرآباد کے حلقہ سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اسمبلی خواجہ فاروق احمد نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح سیاسی بنیادوں پر منظور کی گئی رابطہ سڑکات کے ٹینڈر پراسیس کو روکا گیا ہے اسی طرح موجودہ حکومت کی طرف سے یکم مارچ 2021ء کے بعد کی گئی تقرریوں اور تعیناتیوں کو مستقل کرنے کی درپردہ کوششوں کو بھی ناکام بنایا جائے تاکہ آزاد کشمیر میں منصفانہ انتخابات کرانے میں حکمران طبقہ نے جو رکاوٹیں حائل کررکھی ہیں وہ دور ہوسکیں ۔ الیکشن کمیشن کے اقدامات لائق تحسین ہیں جن کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر نوجوانوں کے ایک بڑے وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔ دارلحکومت کے نوجوانوں نے انہیں ایڈہاک ملازمین کو مستقل کرنے کے حالیہ کالے قانون کے بعد میرٹ کی پامالی اور اس کالے قانون کی آڑ میں نوجوانوں کے استحصال اور حق تلفی پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے حکومت کی طرف سے سیاسی بنیادوں پر محکمہ تعمیرات عامہ کے ذریعے دی گئی رابطہ سڑکات کے ٹھیکے شیڈول جاری ہونے کے بعد ٹینڈر بکس کرنے کی جو سازش ناکام بنائی ہے اس پر الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے نہ صرف ریاستی خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہوئی ہے بلکہ نئی آنے والی پی ٹی آئی کی حکومت پر لیگی حکومت جو ڈاکہ ڈال رہی تھی اسے بھی روک دیا ہے ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یکم مارچ 2021کے بعد حکومتی وزراء ، ممبران اسمبلی ، لیگی رہنمائوں اور کارکنان کی طرف سے جو اندھا دھند تقرریاں کرائی گئی ہیں اور اب انہیں حالیہ کالے قانون کے تحت مستقل کیا جارہا ہے اس کا بھی نوٹس لے تاکہ مختلف اداروں میں اقربا پروری کے ذریعے ہزاروں نواجوں کا جو استحصال کیا گیا ہے اس کا بھی ازالہ ہوسکے اور حکمرانوں کی اقرباء پروری کا شکار ہونے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کا مستقبل محفوظ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن ایڈہاک ملازمین کو مستقل کرنے کے کالے قانون کے تحت عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کی درپردہ کوششوں کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو اس سے پبلک سروس کمیشن جسے موجودہ حکمرانوں نے عضو معطل بنائے رکھا وہ بھی فعال ہوجائے گا اور اہل و تعلیم یافتہ نوجوانوں کو مستقبل قریب میں میرٹ پر ملازمین کے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی طرف سے انتخابی شیڈول کے بعد پچھلی تاریخوں میں تبادلے کرکے من پسند افراد کو ادھر ادھر کیا جارہا ہے اس کا بھی نوٹس لیا جائے ۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ شاہرات کا ٹینڈر پراسیس روکنے کی طرز پر اگر الیکشن کمیشن حکمرانوں کی من مانیوں ، کرپشن ، اقربا پروری پر مبنی اقدامات کو اسی طرح روکتا رہا ۔ منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں حائل رکاوٹیں دور ہوتی جائیں گی ۔