میرپور( وائس آف کشمیر نیوز )ڈپٹی کمشنربدرمنیرنے کہاہے کہ آزادجموںوکشمیر قانون سازاسمبلی کے انتخابات کے دوران امن وامان کے قیام ،انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی سمیت ضلع بھرمیں غیرقانونی رہائش پذیرافراد کی نقل وحمل کی مانیٹرنگ ،ناجائز اسلحہ کے خلاف مہم اور جرائم کے سدباب کے لیے پولیس مجسٹریٹ صاحبان موثر کرداراداکریں ۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطہ کے مطابق بلاتخصیص کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ آزادکشمیرکے عام انتخابات کے دوران امن وامان کے قیام اور صاف شفاف غیرجانبدارالیکشن کے انعقاد اورانتظام وانصرام کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے موصولہ ہدایات پرمن وعن عملدرآمد کروایاجائے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے پولیس مجسٹریٹ صاحبان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، ایس پی راجہ اظہراقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری حق نواز، اسسٹنٹ کمشنرمنیراحمدقریشی ، اسسٹنٹ کمشنرڈڈیال یاسرریاض، ڈی ایس پی ٹریفک چوہدری محمد شبیر، ڈی ٹی آئی محمداسحاق کے علاوہ دیگربھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنربدرمنیرنے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران امن وامان کے قیام کے حوالے سے پولیس مجسٹریٹ صاحبان کا بڑااہم رول ہے۔ اس حوالے سے پولیس مجسٹریٹ صاحبان جہاں کہیں خلاف ضابطہ کوئی اقدام دیکھیںتو اس کی فوری روک تھام کی جائے ضلع کے بعض مقامات پرغیرقانونی رہائش پذیر افراد کی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع مل رہی ہے ایسے افراد پرنظررکھی جائے اور ان کی رہائش کے حوالے سے قانون کرایہ داری پرعملدرآمد کروایاجائے۔ ضلع بھرمیں وال چاکنگ،ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پرمکمل پابندی ہے۔ اس طرح امیدواران کی جانب سے پینافلیکس،پوسٹر، بینرز کے سائز مقررشدہ ہیں، مقررکردہ سائز سے زائد کسی بھی امیدوارکوخلاف ورزی نہ کرنے دی جائے۔