مظفرآباد ( وائس آف کشمیر نیوز) سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہاہے کہ مسلم کانفرنس کے کارکن الیکشن کی تیاریوں میں بھرپور حصہ لیں ، مسلم کانفرنس کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور تعمیر وترقی کے ایجنڈے پر انتخابی مہم چلائے گی ، کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں انشا ء اللہ سپریم ہیڈ مسلم کانفرنس سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کی قیادت و سرپرستی میں الیکشن میں واضح برتری حاصل کرکے 10 سالہ عوامی محرومیوں کاازالہ کرینگے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے کوٹلی کے ایک روزہ دورہ کے دوران مختلف مقامات پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہاکہ کارکن جماعت اور پارلیمانی بورڈ کے فیصلوں کو تسلیم کریں اور ٹکٹ ہولڈروں کی انتخابی مہم میں پوری قوت کے ساتھ شریک ہوں ، جماعتی ٹکٹ صرف ایک فرد کو دیا جاتاہے باقی لوگوں کو فیصلے کو قبول کرنا ہوتا ہے ، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس تاریخی حیثیت کی حامل جماعت ہے اس جماعت کو مضبوط کرنے کا مطلب ریاستی تشخص اور تحریک آزادی کو تقویت بخشنا ہے ، اب وقت آگیا ہے جماعتی کارکن پورے اعتماد کے ساتھ جماعت کی مضبوطی کے لئے کام کریں ، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ نریندرا مودی اپنی حرکتوں کی وجہ سے دنیا میں ذلیل ہورہا ہے ، کشمیرکو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی مذموم کوششیں ناکام ہونگی، کشمیری عوام نے حق خودارادیت کے لئے قربانیاں دی ہیں ، اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، انہوں نے کہا مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے عوام کا مقدمہ بھی لڑنا اور تحریک آزادی کے لئے اپنی خدمات بھی وقف رکھنا ہے ، مسلم کانفرنس نے آزاد کشمیر کے تشخص کا ہر محاذ پر دفاع کیا اب بھی عوا م کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔سردار عتیق احمد خان نے مذید کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کو چاہیے کہ وہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50فیصد اضافہ کرے جبکہ مزدور کی اجرت 20 ہزار اور پنشنز میں معقول اضافہ کرے ، اس وقت عام آدمی کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین بھی خستہ حالی کاشکار ہیں ، جب سرکاری ملازمین خوشحال ہونگے تو اس کے اثرات دوسرے عام مزدور طبقہ پر بھی اچھے ہونگے ۔ دریں اثناء سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کوٹلی دورہ کے دوران چڑہوئی کجلانی میں مسلم کانفرنس ضلع کوٹلی کے صدر راجہ آفتاب اکرم ایڈووکیٹ والدہ محترمہ اور سابق وزیر تعلیم راجہ محمد اکرم خان مرحوم کی اہلیہ کی وفات پر انکے گھر جا کر ان سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی ، اس موقع پر انکے ہمراہ سابق وزیرحکومت سردار نعیم خان ، چیئرمین ممتاز خان ، راجہ محمد شفیق ، راجہ عابد ایوب ، راجہ جاوید کمان اور دیگر موجود تھے ۔