الیکشن کمیشن آزادجموں وکشمیر نے سیکرٹری تعمیرات عامہ کو ہدایت کی ہے کہ 10جون 2021سے آمدہ عام انتخابات 2021کو آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد کرنے کے سلسلہ میں نافذ العمل ضابطہ اخلاق کی روشنی میں جملہ سرکاری محکمہ جات بشمول محکمہ ہا تعمیرات عامہ اور فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کی سطح سے کھلنے والے ٹینڈرز کو فوری طور منسوخ کیے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ وہ 10جون 2021کے بعد کھلنے والے تمام ٹینڈرز کو منسوخ کریں اور انتخابات کے انعقاد تک ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز کھلنے کا عمل ملتوی اور موقوف کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت آزادجموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے اجلاس ہوا جس میں سینئر ممبرالیکشن کمیشن راجہ فاروق احمد نیازاور ممبرالیکشن کمیشن فرحت علی میر بھی موجود تھے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکرٹری ورکس کو ہدایت کی گئی کہ 10جون کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے Work Order یاAward of Work سے بہر طور اجتناب کریں۔ اس حوالہ سے آئندہ شکایات موصول ہونے پر تحت قانون کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔