مظفرآباد ( وائس آف کشمیر نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے دارالحکومت مظفرآباد کے حلقہ سٹی سے نامزد امیدوار خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حقیقی تبدیلی کا منشور لیکر میدان میں موجود ہے ، تحریک انصاف بر سراقتدار آکر آزاد کشمیر کے وسائل میں اضافہ کریگی ، اور ریاست کے قدرتی وسائل سے استفادہ کرکے ریاست کو خود کفیل بنائیں گے ، اور نوجوانوں کو میرٹ پر سرکاری ملازمتیں مہیا کرنے کے لئے تمام اداروں میں اصلاحات لائی جائیں گی اور پبلک سروس کمیشن کو وفاق کی طرز پر تشکیل دیا جائے گا ، آزاد کشمیر کے اندر اداروں کو استحکام دیکر بہتری لائیں گے ، اور اداروں سے بیرونی مداخلت کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا ، سیاحت اور ہائیڈرل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ، جس سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ، روزگار سکیم کے تحت آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لئے بلا سود قرضے دیے جائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے دارالحکومت کے حلقہ میں مختلف مقامات پر شمولیتی اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پر متعدد شخصیات نے پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن ، مسلم کانفرنس اور دیگر جماعتوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ، اجتماعات سے خطاب کے دوران خواجہ فاروق احمد کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں بر سر اقتدار حکمرانوں نے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ پورے نہیں کئے گئے ، گزشتہ 10 سالوں بالخصوص موجود حکمرانوں کے 5 سالوں میں میرٹ کا بدترین قتل عام کیا گیا جس سے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بدترین حق تلفی ہوئی ، رہی سہی کسر ایڈھاک و عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے کالے قانون کے تحت پوری کردی گئی ہے ، آج آزاد کشمیر کے اندر ڈگری ہولڈر نوجوانو ں کی بڑی تعداد بے روزگار ہے اور یہ تعلیم یافتہ نوجوان مایوسی کا شکار ہیں ، انھوں نے کہا کہ نوجوان ملک کی مجموعی آبادی کا 60 فیصد ہیں جنہیں نظرانداز کر کے ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی ، نوجوان ہی وہ طبقہ ہے جو ملک کو عظیم اقوام کی صف میں لاکھڑا کر سکتا ہے ، لیکن یہاں نوجوانوں کی حق تلفی کی جارہی ہے اور سرکاری ملازمتیں وزیروں اور مشیروں کی برادریوں اور رشتہ داروں کے لئے مختص کردی گئی ہیں ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بر سراقتدار آزاد کمشری کے اندر سرکاری ملازمتوں پر میرٹ کے ذریعے تعیناتیاں یقینی بنائے گی ، جریدہ اسامیوں پر تعیناتیوں کے لئے پبلک سروس کمیشن کو فعال بنایا جائیگا اور اس اہم ادارہ میں اصلاحات لائی جائیں گی جبکہ جملہ غیر جریدہ اسامیوں پر پبلک سروس کمیشن کی طرز کا ادارہ قائم کرکے میرٹ پر ملازمتیں مہیاکی جائیں گی ، تحریک انصاف جملہ محکموں میں تعیناتیوں کے لئے ایک ہی طریقہ کار وضع کرے گی اور اس مقصد کے لئے قانون سازی کی جائیگی ، آزاد خطہ کے اندر نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی کے لئے بلا سود قرضوں کا اجراء کیا جائے گا اور وفاق میں جاریہ بلا سود قرضوں کی سکیم میں آزاد کشمیر کا حصہ بڑھایا جائے گا ۔