ترجمان آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 2021کے سلسلہ میں جاری شدہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرنا ہر شخص پر لازم ہے۔ لیکن آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کو تواتر کے ساتھ شکایات موصول ہورہی ہیں کہ سوشل میڈیا پر سرکاری ملازمین کی جانب سے سیاسی پارٹیوں اور امیدواران کے حق میں پوسٹ Upload کی جارہی ہیں جو کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ لہذا ایسے سرکاری ملازمین جو سوشل میڈیا پر انتخابات کے سلسلہ میں یا امید واران کے حق میں یا خلاف پوسٹ لگا رہے ہیں، یا Comment کر رہے ہیں، یا Shareکر رہے ہیں تو ایسے تمام سرکاری ملازمین الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی مرتکب قرار دئیے گئے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کی غرض سے الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر نے جملہ ڈپٹی کمشنر صاحبان آزادکشمیر کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ ایسے سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کمیشن کو مطلع کریں۔ تمام سرکاری ملازمین کو پابند کیا جاتا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں۔