چیف سیکرٹری آزا د حکومت ریاست جموں وکشمیر شکیل قادرخان کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا۔جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سید آصف حسین، انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، ڈویژنل کمشنر ان اور ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔ اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھائے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے کورونا وائرس اور ویکسی نیشن کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلا س میں سپیشل سیکرٹری صحت عامہ سہیل اعظم، ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر سردار آفتاب ، پروگرام کو آرڈینیٹرEPIڈاکٹر بشریٰ شمس، ڈویژنل کمشنرز، ڈی آئی جیز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن کا عمل مزید تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کوویکسین لگائی جاسکے۔ محکمہ صحت عامہ اور انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن کے عمل پر فوکس کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر شخص کو ویکسین لگائی جاسکے۔ قبل ازیں چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے نیشنل بینک آف پاکستان چھتر برانچ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور آزادکشمیر میں اس پروگرام کی پراگرس کا جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر کو یہاں چیف سیکرٹری آفس میں بینک آف آزاد کشمیر کے صدر خاور سعید نے بینک کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ اور دیگر بینک کے حکام بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں وکشمیر کی کارکردگی کو مزید بہتربنانے کے لیے اقداما ت کیے جائیں۔ بینک سٹاف کی ٹریننگ کا اہتمام کریں تاکہ جدید بینکنگ تقاضوں کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے سکیں اور بینک کی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا ہو سکے۔