راولاکوٹ ( وائس آف کشمیر نیوز)صدر جموں کشمیر پیپلزپارٹی امیدوار حلقہ 4 راولاکوٹ سردار حسن ابراہیم خان نے کہا ہے کہ ایک اصول ایک کردار لے کر سیاست کی خرافات کے خلاف لڑ رہے ہیں،سردار خالد ابراہیم خان نے کرپٹ بدعنوان مافیا کے خلاف ہمیشہ جدوجہد کی اور عملاً اپنا کردار ادا کیا۔ ہم نے اڑھائی سالوں میں جو بھی ترقیاتی منصوبے دیے وہ عملاً زمین پر نظر آ رہے ہیں۔ بنیادی طور پر ایم ایل اے کا یہ کام ہی نہیں کہ وہ ترقیاتی منصوبے بانٹتا رہے لیکن بدقسمتی سے بلدیاتی ادارے, بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے فعال نہیں رہے۔ ہم یہ مطالبہ بھی رکھتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد فوراً کروایا جائے۔ قانون ساز اسمبلی کا کام قانون سازی اور عوام کو انصاف فراہم کرنا ہے بدقسمتی سے قانون ساز اسمبلی بھی اپنا حقیقی کردار ادا نہیں کر رہی۔ صرف وہی قانون سازی کی جاتی ہے جو حکمران طبقے کی مراعات میں اضافہ کرے۔ہمارا ہر ادارہ تعلیم صحت کرپشن, بدعنوانی, اقربا پروری کا گڑھ بن چکا ہے۔ ادارہ جات مفلوج ہو چکے ہیں۔ اس ساری صورتحال میں جموں کشمیر پیپلزپارٹی ہی واحد سیاسی قوت ہے جو اپنے عمل, کردار اور ماضی کی بدولت انصاف و میرٹ کے لیے رول دے سکتی ہے۔شرط صرف یہ ہے کہ آپ ووٹ کی طاقت سے جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تراڑ دیوان, تراڑ کوٹ و دیگر مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان میٹنگز سے سردار افتخار خان, سردار وحید خان, جمیل عباسی,سردار رحیم اشرف, سردار خالد محمود, سردار نوید حیات, اظہر بشیر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے جموں کشمیر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اسی طرح صدر جے کے پی پی ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان نے راولاکوٹ نزد ڈسٹرکٹ کمپلیکس انتخابی دفتر کا افتتاح کیا اور خطاب کیا۔ افتتاحی تقریب سے سردار اشرف, بلال نواز, نعمان نذر, سردار قیوم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔