باغ ( وائس آف کشمیر نیوز)مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے مریم نواز کا کشمیری عوام نے والہانہ استقبال کر کے یہ نوید سنا دی ہے کہ انشاء اللہ اگلا دور بھی مسلم لیگ ن کا ہو گا۔محترمہ مریم نواز کی ولولہ انگیز قیادت میں 25 جولائی کا معرکہ قائد پاکستان محمد نواز شریف اور شیر پنجاب محمد شہباز شریف کے شیر جیتیں گے ۔ہم سے بھی غلطیاں ہوئی ہونگی مگر پورے یقین سے کہتا ہوں میں نے پانچ سال کے دوران اپنے حلقے میں کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچایا نہ کسی سے بدنیتی کی ،نہ کسی کا تعصب کی بناء پر تبادلہ کیا نہ کسی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کی۔ایک سرمایہ دار اپنی دولت اور طاقت کے زعم میں باغ کے عوام کو خریدنا چاہتا ہے مگر اسے ناکامی ہو گی۔باغ کے عوام نے ڈوگرہ کی غلامی کو قبول نہیں کیا یہ کسی سرمایہ دار کی غلامی کو کیسے قبول کریں گے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار انتخابی جلسے سے خطاب میں کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا میرے اللہ کا قانون ہے کہ وہ ابابیلوں کے کنکروں سے ہاتھیوں کے لشکروں کو تہس نہس کر دیتا ہے۔انہوں نے کہا اس سے پہلے 2016 کے الیکشن میں بھی یہاں کا ایک طرم خان تھا جو کہتا تھا مشتاق منہاس کے مقابلے میں الیکشن کمپین کرنا میری توہین ہے مگر پھر ایسا بھاگا کہ اب تک اسے چھپنے کو زمین نہیں مل رہی اور اب تو حلقہ ہی چھوڑ کر بھاگ گیا ہے۔انہوں نے کہا سدا بادشاہی فقط میرے اللہ کی ہے ہم اس کے عاجز اور خطاوار بندے ہیں جو اس سے ہر دم رحمت کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا میں نہیں کہتا ہم سے غلطیاں نہیں ہوئیں ہم کوئی پرفیکٹ نہیں ہیں یقینا ہم سے بھی کوتاہیاں ہوئی ہونگی مگر ایک چیز واضح کرنا چاہتا ہوں ہم نے کسی سے بدنیتی نہیں کی کسی کو بلاوجہ تنگ نہیں کیا کسی کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج نہیں کرائی انسانیت کی قدر کی اور یہی ہماری سیاست ہے۔انہوں نے کہا اسوقت پاکستان میں میاں محمد نواز شریف کا بیانیہ پھر سے سرخرو ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا عمران خان مکمل ناکام ہو چکا ہے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کے وعدے کرنے والے عمران خان پاکستان کی تاریخ کے ناکام ترین حکمران ثابت ہوے ہیں جن کے دور حکومت میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے لوگوں کے لئے جسم و روح کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل ہو چکا ہے ہر شخص پریشان ہے اور مارا مارا پھر رہا ہے مہنگائی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ بیروزگاری کی وجہ سے خاندانوں کے خاندان اجڑ چکے ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان کی بربادی کی ذمہ دار تحریک انصاف کی حکومت ہے جس سے اب جان چھڑانے کا وقت آ گیا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان میں ناکام تحریک انصاف آزادکشمیر میں کیا تبدیلی لائے گی یہ ناکام لوگ ہیں جو کشمیر کی تعمیر و ترقی کو بھی پسماندگی میں بدلنا چاہتے ہیں مگر مجھے امید ہے کہ نواز شریف کے شیر اس سازش کو ناکام بناتے ہوے مسلم لیگ ن کو کامیاب بنا کر تعمیر وترقی کے تسلسل کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا میاں محمد نواز شریف ،میاں محمد شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت میں انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن لینڈ سلائیڈ کامیابی حاصل کرے گی۔