وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں وزراء حکومت خواجہ فاروق احمد،چوہدری محمد رشید،سردار محمد حسین خان،عبدالماجد خان،چوہدری ارشد حسین،دیوان علی خان چغتائی،اظہر صادق،ظفر اقبال ملک،نثار انصر، چوہدری محمد اخلاق ، سردار فہیم اختر،محمد اکمل سرگالہ،مشیران حکومت چوہدری مقبول گجر،چوہدری محمد اکبر،معاون خصوصی حافظ حامد رضا، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان،سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت عامہ نے آزادکشمیر میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ دی،آزاد جموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہر ماہ کابینہ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گڈ گورننس، احتساب اور بلدیاتی الیکشن کے انعقاد پر زور دیا، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے دن رات ایک کریں گے۔ ہماری حکومت تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے۔ ہمارا کوئی بھی کام تب تک مکمل نہیں ہو گا جب تک مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہرقسم کی قربانی کا عہد نہ کریں۔تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور حریت رہنما سید علی گیلانی،میر واعظ،یاسین ملک و دیگر کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ وادی کی آزادی کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت عمران خان کے ویژن اور عوامی توقعات پر پورا اترے گی۔قانون کی عملداری،شفافیت،میرٹ اوربلاتخصیص احتساب ترجیحات میں شامل ہے۔احتساب کو موثر بنایا جائے گا تاکہ کوئی بھی فرد انگلی نہ اٹھا سکے۔سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی عوام پر لگے گی۔ماضی کے حکمرانوں کی طرح سرکاری خزانے کو لوٹا نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ اور کفایت شعاری اپنانا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔میرا دفتروزراء، ممبران اسمبلی،عمائدین اور عوام کے لیے دستیاب ہے۔عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور جمہوری اصولوں کے مطابق حکومت چلائیں گے۔وزیراعظم آزادجموں و کشمیرسردار عبدالقیوم نیازی نے بلدیاتی الیکشن کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کروانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت عمران خان کے ویژن اور عوامی توقعات پر پورا اترے گی۔ریاست کے ہر فرد کی عزت کا خیال رکھا جائے گا۔کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں ہو گی۔کرپشن کروں گا اور نہ ہی کسی کو کرنے دوں گا۔ احتساب کے نظام کو موثربنایا جائے گا اور بلا تفریق احتساب کیا جائے گا تاکہ کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ہم عوام اور پارٹی قیادت کو جوابدہ ہیں۔ہماری حکومت ریاست کی کامیاب ترین حکومت ہو گی۔ایل او سی پر بسنے والوں کی محرومیوں کا ازالہ ہو گا۔وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں ریاست کو خود کفیل بنائیں گے۔ کابینہ نے حکومتی اہداف کے حصول کیلئے لائحہ عمل بنانے کیلئے جلد دوبار اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا۔۔۔