آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات،قانون،انصاف و پارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا ان کے ویژن کی روشنی میں آگے بڑھیں گے۔وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی کی سربراہی میں صاف و شفاف حکومت کے قیام کے ذریعے لوگوں کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے اپنے حلقے کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی بدولت میں اس مقام تک پہنچا ہوں۔انہوں نے اس موقع پر اپنے والد محترم سردار اختر ربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ حلقے کے عوام کی خدمت کے حوالے سے میں انہی کے نقش قدم پر چلوں گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کئی چیلنجوں کا سامنا ہے جن پر قابو پا کر ہم ایک بہترین طرز حکومت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے آل کشمیر نیوز پیپرز اے کے این ایس کے صدر سردار زاہد تبسم کے تہنیتی پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ تنظیم کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم رہے گا۔انہوں نے آزادجموں و کشمیر کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیکر خدمت کا موقع دیا۔