وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی ہدایت پر آزاد کشمیر بھر کی طرح دارلحکومت مظفرآباد میں نماز جمعہ کے بعد بطل حریت سید علی گیلانی کے درجات کی بلندی کےلئے مساجد میں خصوصی دعائیں کی گئیں اور انکی تدفین پر ہندوستانی قابض فورسز کی جانب سے پابندیوں اور مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خلاف احتجاجی ریلییاں نکالی گئیں۔ جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد دربار عالیہ سہیلی سرکار سے سید علی گیلانی کی تدفین پر پابندیوں اور مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور ہندوستانی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی میں سیاسی و مذہبی زعما ،حریت رہنما، سرکای افسران ، سول سوسائٹی سمیت تمام مکتبہ فکر کے افراد کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ ریلی میں مظاہرین نے سید علی گیلانی کو زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر سید علی گیلانی کے مشہور نعرے “ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے” سے فضا جھوم اٹھی۔مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم کے خلاف بھی زبردست نعرے بازی کی اور مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھانے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے مطالبہ کیا۔ریلی کے اختتام پر سید علی گیلانی کے درجات کی بلندی، مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کئی گئ۔ ریلی گھڑی پن چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

441 ShareLikeCommentShare