وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے، سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کریں گے، آزاد کشمیر میں سیاحت،ہائیڈل، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سرمایہ کار ان سے استفادہ کریں، حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ دورے کے دوران تاجروں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مشیر صنعت و پیداوار چوہدری مقبول گجر، معاون خصوصی حافظ حامد رضا، صوبائی وزیر چوہدری اخلاق، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔ تاجر برادری نے وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو آزاد کشمیر میں سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، تاجر برادری نے آزاد کشمیر سرمایہ کاری کیلئے اپنی خواہش کا بھی اظہار کیا، تاجروں کا کہنا تھا کہ ہمیں آپ کے وزیراعظم بننے سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ اب ہمارے لیے وہاں آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ ہم بھی آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کر سکیں، وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کو درپیش مسائل سے آگاہ ہوں، ٹیکس سمیت تمام مسائل کو جلد حل کریں، سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کیا جائے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر سیاحت اور آئی ٹی میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، کاروباری افراد استفادہ حاصل کریں، ہم ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔حکومت آزاد کشمیر سیاحت اور ہائیڈل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، آزاد کشمیر سیاحوں کی جنت ہے