صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلیٰ ہاؤس لاہور میں تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آزاد جموں و کشمیر کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اورنیک خواہشات کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں سیاسی امور اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور کشمیری عوام پر ظلم وستم کی مذمت کی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں شاندار کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ عوام حکومتی پالیسیوں کا تسلسل چاہتے ہیں۔آزاد کشمیراب حقیقی معنوں میں ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے۔آزاد کشمیر الیکشن میں بھی شفافیت اور خدمت نے منفی سیاست کو شکست دی۔ مسلسل لاک ڈاؤن بھی کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرکار کی جبرو استبداد کی پالیسی مکمل ناکام ہوچکی ہے۔بھارت اپنی آگ میں خود جل رہا ہے۔وہ دن دورنہیں جب بھارت کے کئی ٹکڑے ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اورہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ہمارے دل کشمیر کیلئے اورکشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ترقی کے سفر میں پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے آزاد کشمیر کا ساتھ دے گا۔آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر الیکشن میں بھرپور سپورٹ پر وزیراعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔صدر ریاست نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں بدلا ہوا ہے۔کشمیری عوام نے اپنے لہوسے آزادی کی شمع روشن کی ہوئی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر تنازعہ کشمیر کا مقدمہ جرات اوردلیل سے لڑا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں واضح تبدیلی نظر آرہی ہے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی محنت رنگ لارہی ہیں۔عثمان بزدار کا تمام علاقوں کی یکساں ترقی کا ویژن ہر لحاظ سے قابل تعریف ہے۔