وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انصاف کے نظام کی مضبوطی کے لئے تمام ممکن اقدامات اٹھائیں گے، آزاد کشمیر کے عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی میری حکومت کی اولین ترجیح ہے، قانون کی حکمرانی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جموں کشمیر ہاؤس میں صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی سردار عبد الرازق ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر وکلاء کی جانب سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی گئی، وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار قیوم نیازی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام پر یقین رکھتا ہوں، محروم طبقات کا نمائندہ ہوں، عوام کے مسائل کا ادراک ہے، وکلاء کمیونٹی کی معاشرے میں اہمیت کا ادراک ہے، وکلاء کسی بھی معاشرے میں قانون کی عملداری کے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں، آزاد کشمیر میں نظام عدل کی مضبوطی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، آزاد کشمیر کے وکلاء کے مسائل سے بھی آگاہ ہوں، ریاست میں عدلیہ اور وکلاء کی تمام ضروریات پوری کریں گے، خواہش ہے آزاد کشمیر کے غریب عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کیا جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے مظالم کی انتہا کر دی ہے، سید علی گیلانی کی وفات کے بعد ان کی میت کی بے حرمتی کی گئی اور ان کے خاندان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دنیا بھر میں مقیم کشمیری دکھی ہیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور اپنا کردار ادا کرے، تحریک پاکستان کی کامیابی میں وکلاء نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا تھا، اس وقت تحریک آزادی کشمیر میں بھی وکلاء برادری پیش پیش ہے، امید کرتے ہیں کہ وکلاء برادری اپنے کردار کو مزید موثر بنائے گی، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کشمیریوں کا وکیل بن کر مسئلہ کشمیر مؤثر انداز میں لڑا، بھارت کو پوری دنیا کے سامنے ایکسپوز کیا، ہمیں چاہیے کہ ان کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ تحریک آزادی کشمیر بھی کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔ اس موقع پر صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ نے وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو راولپنڈی بار کے دورے کی دعوت بھی دی جسے وزیر اعظم نے قبول کر لیا، وزیراعظم سے گفتگو کے دوران سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں قانون عملداری اور آئین کی بالادستی کے لیے حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے، امید ہے تحریک انصاف کی حکومت آزاد کشمیر کے وکلاء کے مسائل جلد حل کرے گی۔۔ اس سے قبل وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے تحریک انصاف سدھنوتی آزاد کشمیر کے وفد نے بھی ملاقات کی اور وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔LikeCommentShare