وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر بہر صورت تکمیل یقینی بنائی جائے ، کام کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ عوام کی خدمت کےلئے حکومت میں آئے ہیں، ہر وہ کام کرینگے جس سے عوام کو فائدہ ہو‘ شفافیت کو یقینی بنایاجائیگا ‘سستی و لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ جو کام کریگا اسکی عزت بھی ہوگی اور تعریف بھی ۔سیاحت کے فروغ کےلئے انفراسٹرکچر کا بہتر ہونا ضروری ہے ، شاہرات کی تعمیر اعلیٰ معیار کے مطابق کی جائے۔سیاحت ریاستی وقار کے ساتھ ساتھ آمدن بھی بڑھائے گی۔ سیاحت کے فروغ کےلئے تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ مواصلات وتعمیرات عامہ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ اظہر صادق بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سیکرٹری مواصلات و تعمیرات عامہ غلام بشیر مغل نے وزیراعظم کو بریفنگ دی ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تولی پیر لسڈنہ روڈ کا کام سست روی کا شکار ہے اس حوالہ سے وزیر تعمیرات عامہ اور سیکرٹری موقع پر جا کر معائنہ کریں تاکہ روڈ بروقت مکمل ہو سکے ،کھائیگلہ سے تولی پیر تک اس سڑ ک کو آئندہ جون تک مکمل کیا جائے ،فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائیگی۔ رٹھوعہ ہریام برج کی جلد تکمیل کےلئے بھی لائحہ عمل بنایا جائے ۔ آزادکشمیر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ترقی او ر خوشحالی کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کےلئے دن رات کام کرنا ہوگا ، ریاست کے عوام نے ہمیں خدمت کےلئے منتخب کیا ہے‘اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ جب منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل نہیں ہوتا تو اس کی لاگت بڑھ جاتی ہے جس سے ریاستی خزانے پر بھی بوجھ پڑتا ہے‘ اس لیے جاریہ بڑے منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں سیاحت کا وسیع پوٹینشل موجود ہے ، سیاحتی ترقی کےلئے انفراسٹرکچر کابہترین ہونا ضروری ہے ، سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کےلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرینگے تاکہ جو سیاح یہاں آئیں اچھا تاثر لیکر جائیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ جو محکمہ اور افسر کام کریگا ہے اس کی حوصلہ افزائی کریں گے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اس کو تعریفی سرٹیفکیٹ دلوائیں گے لیکن سستی اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔