وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ شہری و دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، واٹر سپلائی سکیموں ‘ لنک روڈز اور پلوں کی مرمتی و بحالی کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں ،ترقیاتی فنڈز میں اضافہ کیا جائےگا۔ماضی کی غلطیوں کو درست کریں گے ۔ چھ ماہ میں تبدیلی نظر آئیگی۔ میرٹ کو ہر جگہ یقینی بنایا جائیگا ۔ بلدیاتی انتخابات میں خواتین کی نمائندگی بڑھائیں گے۔ آزاد کشمیر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنا کر ریاست کو خوشحال بنائیں گے۔۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی جانب سے دی گئی محکمانہ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سیکرٹر ی لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی اعجاز احمد خان نے وزیراعظم آزادکشمیر کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ لوکل گورنمنٹ کے فنڈز عوامی نمائندوں کی نشاندہی پر صاف و شفاف انداز میں خرچ کیے جائیں۔ اقتدار کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کےلئے بلدیاتی الیکشن کروانے جارہے ہیں ۔اس موقع پر وزیراعظم نے چھوٹی سکیموں کی حد کم از کم دو لاکھ مقرر کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ریاست بھر میں نصب شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فزیکل ویریفکیشن کروائی جائے کہ کتنے ان میں سے کام کررہے ہیں اور نان فنکشنل کس وجہ سے ہیں ۔وزیر اعظم نے ریاست بھر کے واٹر اینڈ سینٹیشن پلانٹس کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیموں میں کسی قسم کا غبن برداشت نہیں کروں ہوگا ، ماضی میں سکیموں کو سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کیا گیا، اسکیمیں کاغذوں میں موجود ہیں لیکن گراؤنڈ پر کچھ نہیں، ماضی کی سکیموں کی جانچ پڑتال کریں گے ۔ ریاستی وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے گا ، فضول خرچیوں سے پرہیز کیا جائے اور چھوٹی سکیموں پر بورڈز نہ لگائے جائیں۔

44