آزادجموں وکشمیر بھر کی طرح دارلحکومت مظفرآباد میں بھی صفائی مہم کا آغاز ہو گیا،صفائی مہم کو کامیاب بنانے اور اس میں سول سوسائٹی کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کیلئے مظفرآباد شہر کو 13زونز میں تقسیم کیا گیا ہے اور صفائی مہم کی نگرانی کیلئے تمام زونز میں ٹیم لیڈر، مجسٹریٹس اور پولیس افسران تعینات کیے گئے ہیں۔پیر کے روز اپر اڈہ، سی ایم ایچ روڈ، بینک روڈ، اولڈ سیکرٹریٹ، طارق آباد، پلیٹ، چہلہ بانڈی، جلال آباد، دومیل، گھڑی پن، گوجرہ،سیٹھی باغ، امبور،چھترسمیت دیگر علاقوں میں صفائی مہم جاری رہی۔ صفائی مہم کے دوران شاہرات کے ارد گرد کچرا اٹھایا گیا، نالوں کی صفائی کی گئی، غیرضروری طورپر لگے بینرز اور پوسٹرز کو ہٹایا گیاجبکہ مختلف علاقوں میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے سپرے بھی کیا گیا۔ صفائی مہم میں سرکاری محکمہ جات،تاجروں، طلبہ،رضاکاروں اور سول سوسائٹی نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورصفائی مہم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ صفائی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا کردار ادا کریں، یہ شہر بھی ہمارا گھر ہے اور اپنے گھروں کی طرح اسے بھی صاف رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ایک صحت مند معاشر ہ ہی روشن مستقبل کا ضامن ہے،صحت مند معاشرے کیلئے ضروری ہے کہ ہم صفائی کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے کہاکہ صفائی پر صرف ایک ہفتے کیلئے عمل نہیں کرنا ہے بلکہ اسے پوری طرح روز مرہ کے معمولات کا حصہ بنا لینا ہے۔ صفائی مہم کا مقصد گھر گھر تک یہ پیغام پہنچانا ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے،ہم خود اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھ کے بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔