وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ عوام الناس صفائی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،اردگرد ماحول صاف ستھرا ہوگا تو خطہ کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی دلچسپی بڑھے گی اور سیاحت کے فروغ سے ریاست معاشی طور پر خوشحال ہو گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ صفائی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ آزاد کشمیر میں سیاحت کا وسیع پوٹینشل موجود ہے سیاحوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم پلان کے مطابق کام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم سیاحت کے حوالہ سے بیان اور سابق صدر و وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان اور سابق ممبر اسمبلی نسرین مظہر اور دیگر وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت نے آزادکشمیرکو صاف ستھرا بنانے،تجاوزات کے خاتمہ،کوالٹی کنسٹرکشن کو فروغ دینے،بہتر پلاننگ اور ماڈل خطہ بنانے کے لیے خصوصی ہفتے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ریاست کو صاف ستھرا بنانے کے لیے صفائی مہم شروع کی گئی ہے تاکہ آزاد خطہ کو خوبصورت، صاف ستھرا بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ تحریک انصاف کی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے، سیاحت کے فروغ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام کررہے ہیں تاکہ سیاحتی مقامات کو عصر حاضر کے مطابق سہولیات سے آراستہ کر سکیں۔ آزاد کشمیر اپنے قدرتی حسن کی وجہ سے سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہے اس سال میں ریکارڈ تعداد میں لوگوں نے آزاد کشمیر کا رخ کیا۔ حکومت آزاد کشمیر نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے تاکہ زیادہ زیادہ اس شعبہ کو فروغ دیکر ریاست کی آمدن میں اضافہ کیا جاسکے۔دریں اثنا سابق صدر و وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جس پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے انکا شکریہ ادا کیا۔