وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ترقی یافتہ کشمیر ویژن کی روشنی میں وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کے لئے ترقیاتی پیکج اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آزادجموں و کشمیر کے مسائل کے حل کے لئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر کی سربراہی میں بنائی گئی کابینہ کمیٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے ریاست کی تعمیر وترقی اور وسائل میں اضافے کی سمت متعین کرنے کے لئے اعلیٰ سطح کے اجلاسوں پر وزیراعظم پاکستان اور ان کی کابینہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں آزادکشمیر کو ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے۔ترقی یافتہ کشمیر عمران خان کا ویژن ہے جسے تحریک انصاف کی حکومت عملی طور ہر لاگو کرے گی۔ تاریخ ساز ترقیاتی پیکج سے ریاست کے عوام کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر ہونگی۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ جس طرح سے پاکستان کے دوسرے علاقوں کے لیے ترقیاتی پیکج بنائے گئے ہیں اسی طرز پر آزاد کشمیر کے لیے بھی جلد ترقیاتی پیکج بنانے کا آغازکیا جائے گا جس میں پلاننگ ڈویژن اور اے جے کی حکومت مل کر سیاحت،ہائیڈل،تعلیم،صحت جیسے شعبوں کے بنیادی ڈھانچے کو حتمی شکل دیں گی۔وزیراعظم عمران خان کی ہدایت ہے کہ آزاد کشمیر کو ترقیاتی فنڈز میں زیادہ سے زیادہ حصہ دیا جائے۔ آزاد کشمیر میں سیاحت، ہائیڈل، جنگلات، لائیو اسٹاک اور زراعت کے شعبوں میں بڑے منصوبے شروع کریں گے، منصوبوں پر عمل درامد اور انکی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔