وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی کی صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر و سینئر وزیر سردار تنویر الیاس کی رہائش گاہ آمد۔دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے سینئر وزیر سردار تنویر الیاس کو پارٹی صدر بننے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر حکومت دیوان علی چغتائی بھی موجود تھے۔دونوں رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بات چیت کی اور معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہارکیا۔وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائی بھی بھارتی جبر سے آزاد ہوں گے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر دنیا بھر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ حالیہ یو این کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم پاکستان نے پوری قوت کے ساتھ بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا۔ کشمیری اپنے سفیر اور محسن وزیراعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کی روشنی میں آزاد کشمیر کو خوشحال خطہ بنائیں گے۔اس موقع پر سینئر وزیر سردار تنویر الیاس نے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی قیادت میں ہماری حکومت تاریخ ساز ترقیاتی کام کروائے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرے گی۔