اسلام آباد/ (پی آئی ڈی
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی کے لیے تاریخ ساز ترقیاتی پیکج ہو یا عالمی فورمز پر مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرناوزیر اعظم پاکستان عمران خان اپنے ہر اقدام سے ثابت کیا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے محسن اور وکیل ہیں۔وزیر اعظم پاکستان آزاد خطہ کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان آزاد کشمیر میں سیاحت کو انڈسٹری کی صورت میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ریاست میں سیاحت کے پوٹینشل کو بروئے کار لا کر ریاستی آمدن میں اضافہ اور مقامی سطح پر روزگار فراہم کرینگے۔جموں و کشمیر ہاوس میں مختلف علاقوں سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک جانب مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں اور دوسری طرف ان کی پوری توجہ آزاد خطے کو خوشحال بنانے پر مرکوز ہے، وزیراعظم پاکستان آزاد کشمیر کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور عملی طور پر اس حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں، ان کی پوری کوشش ہے کہ یہ خطہ جلد از جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان 500 ارب کے تاریخی میگا پیکج کا جلد اعلان کرینگے جس سے سیاحت، انفراسٹرکچر، ہائیڈل، صحت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں انقلابی ترقی نظر آئے گی۔ اس تاریخی پیکج سے ریاست اور یہاں کے رہنے والے خوشحال ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرینگے۔حکومت نے ایک ایک کر کے انتخابی منشور کو عملی شکل دینا شروع کر دی ہے جس کے نتائج جلد نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، میرٹ اور گڈ گورننس کا قیام ہماری ترجیح ہے، آزاد کشمیر خوشحال ہو گا تو اس کے اثرات مقبوضہ کشمیر پر پڑیں گے۔
٭٭٭
اسلام آباد/جموں وکشمیر ہاؤس (پی آئی ڈی) 30 اکتوبر 2021
وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے مظفرآباد پٹہکہ میں ہونے والے جیپ حادثہ میں انسانی جانوں کے نقصان پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے حادثہ کے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مرحومین کے بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
٭٭٭٭