مظفرآباد(پی آئی ڈی)
وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کشمیری مظلوم قوم نہیں‘ اللہ کی رضا کی خاطر لڑنے والا مظلوم نہیں ہوتا۔ کشمیر ی دنیا کی بہادر‘ باہمت اور دلیر قوم ہیں جوجرات اورجذبے سے ہندوستان کے ظلم کا مقابلہ کررہے ہیں اور اللہ کی رضا کیلئے قربانیا ں دے رہے ہیں۔ شہدائے جموں نے اپنی گردنیں کٹا کراپنی دنیاو آخرت سدھار لی۔ جموں کے شہداء کی عظمتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کشمیر کا بچہ بچہ شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کررہا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دیا جائے۔ رائے شماری پر ہم سب متفق ہیں۔ او آئی سی اور اسلامی ممالک نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے وہ کردار ادا نہیں کیا جو انہیں کرناچاہیے تھا۔ ہماری حکومت کی پہلی ترجیح مسئلہ کشمیر ہے۔ تحریک آزاد ی کشمیر میں کشمیریوں کی نئی نسل شامل ہو چکی ہے۔کشمیری عوام پاکستان کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ہندوستان کے ہر ہتکھنڈے کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کا درد رکھتے ہیں۔ ان کی مسئلہ کشمیر سے دلچسپی ہے کہ ایل او سی سے بیس کیمپ کا وزیراعظم بنا۔ صدر ریاست اس شخص کو بنایا گیا جس کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے بھرپور خدمات ہیں۔ امریکہ میں سفیر ایک کشمیری کو نامزد کیا گیا تاکہ وہ موثر انداز میں کشمیریوں کی آواز بلند کریں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے یوم شہدائے جموں کے موقع پر دارلحکومت مظفرآباد میں جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیرا ہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے حریت رہنماء مشتاق الاسلام، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل اعجاز لون اور ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد لطیف نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سیکرٹری انڈسٹریز سید ظہور الحسن گیلانی، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمو د خان، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہرا قبال، ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل ارشاد محمود، ڈائریکٹر جنرل آڈٹ حسن رانا اور تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہاکہ 1947میں جموں میں اڑھائی لاکھ مسلمانوں کو شہید کیا گیا،کشمیریوں کی شہادتوں اور قربانیوں کا سفر کئی دھائیوں سے جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ سفارتی محاذ پر موجودہ حکومت پاکستان کی کارکردگی بہترین ہے۔ سفیر کشمیر عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور ہندوستان کے مکروہ عزائم پر ڈوزیئردنیا کے سامنے پیش کیا، وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برطانیہ میں کشمیریوں کے قاتل نریندر مودی کی آمد پر احتجاجی مظاہرہ کر کے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کروائی۔ عمران خان کی ہدایت پر صدرریاست نے امریکہ اور یورپ کے دورے کر کے ہندوستانی مظالم بے نقاب کررہے ہیں۔ ہم نے یوم سیاہ کے موقع پر لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کے جابرانہ اور غیرقانونی تسلط کے خلاف آواز اٹھائی۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں کشمیریوں کی نئی نسل شامل ہو چکی،مقبوضہ کشمیر کے پڑھے لکھے نوجوان جن میں ڈاکٹرز، انجینئرز اور پروفیسرز شامل ہیں تحریک آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ہمارے اسلاف نے پاکستان کیلئے قربانیاں دیں، ہم نے اپنی نئی نسل کو تیارکرنا ہے اور انہیں اس مقصد سے آگاہ کرنا ہے جس کیلئے ہمارے اسلاف نے قربانیاں دیں۔ ہم سب کو تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان نے کے پی ایل کے خلاف بھی پروپیگنڈا کیا لیکن ہمارے سیکورٹی ادارے نے اسکی تمام سازشو ں کوناکام بنایا۔دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے افواج پاکستان کے شہداء کو بھی سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔ کے پی ایل کے موقع پر ہندوستان کو پیغام دیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی ایسا ایونٹ کروا کر دکھائے جہاں اسکی نو لاکھ قابض فورسز نے کشمیریوں کو محصور کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل ودیگرعالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم پرا پنی آنکھیں کھولیں۔ ہندوستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کررہا ہے اورمقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کیلئے وہاں باہر سے ہندووں کو لاکر آباد کررہا ہے۔او آئی سی، عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے جموں، شہدائے تحریک آزادی کشمیر، شہدائے پاکستان اور بلوچ بس حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔