کراچی
وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے محسن ہیں۔عمران خان نے ہر بین الاقوامی فورم پر مقدمہ کشمیر کو جاندار انداز میں پیش کیا۔عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ خطے میں امن کی خاطر مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے بھارت پر دباو ڈالے۔وزیراعظم عمران خان کی مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے واضح پالیسی ہے۔مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نہتے شہریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔جعلی مقابلے، تشدد، نام نہاد محاصرے اور تلاشی آپریشن نے کشمیری عوام کا عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ عمران اسماعیل سے گورنر ہاوس کراچی میں ملاقات کے دوران بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کو عمران خان پر مکمل اعتماد ہے اور ہم ان کی پالیسیوں سے متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی فسطائی حکومت ملٹری وار فیر اور نوآبادیاتی پالیسی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری طور پر اپنا کردار ادا کریں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں کسی بڑے انسانی المیے سے بچا جا سکے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ آپ کی قیادت میں آزادکشمیر عمران خان کے ویژن کے مطابق ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کریگا.انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے سات دہائیوں کے دوران بے مثال قربانیاں دی ہیں۔بھارت تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے کو کم نہیں کر سکا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں کشمیری عوام کی حمایت جاری رہے گی۔
٭٭٭٭